مظفرآباد(الفجرآن لائن)مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی جانب سے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم نامزد کیے جانے کا فیصلہ مسترد کر دیا گیا۔
شاہ غلام قادر نے پارٹی قائد میاں نواز شریف کی جانب سے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد کشمیر کا وزیراعظم نامزد کیے جانے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ افتخار گیلانی کو ووٹ دیں گے
نہ ہی وزیراعظم کے انتخاب کے لیے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے ذرائع کے مطابق جماعت کے صدر شاہ غلام قادر نے پارٹی قیادت کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر منتخب رکن قانون ساز اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم کے منصب کے لیے قابل قبول نہیں سمجھتے۔
ذرائع مسلم لیگ(ن)کے مطابق شاہ غلام قادر پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنان سے مشاورت کے بعد آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
کے ذرائع کے مطابق جماعت کے صدر شاہ غلام قادر آج بھی مسلم لیگ (ن)کے ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر کاربند ہیں۔شاہ غلام نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کی عزت، رائے اور وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،
میاں نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اہم اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں بھی بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر بنانے کے فیصلے سے اتفاق نہیں کیا تھا۔
ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ شاہ غلام قادر نے جمعہ کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے بلائے گئے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

