کوہلو (الفجرآن لائن) کوہلو ڈی جی خان شاہراہ پر لاسے زئی کے مقام پر باراتیوں سے بھری گاڑی تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 42 افراد زخمی جبکہ ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔
حادثے کے فوراً بعد زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہلو ڈاکٹر اصغر مری کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 17 افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ 25 شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ڈیرہ غازی خان ریفر کردیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ایس ایچ او لاسے زئی تھانہ انسپکٹر ظریف مری بھی موقع پر موجود رہے اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔
حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور حادثے میں زخمی ہونے والے زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شدید زخمیوں کو ڈیرہ غازی خان منتقل کرنے والی ایمبولینسز کے لیے ڈیزل فراہم کیا گیا، جبکہ متاثرہ افراد کے ورثاء کو نقد مالی امداد بھی فراہم کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے زخمیوں کو بروقت طبی امداد اور بہتر علاج کی فراہمی کے لیے ہسپتال انتظامیہ کو ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کی طرف سے بھی حادثے میں زخمی افراد کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا گیا

