![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/06/850E25C6-417F-4BF2-8462-5119DBC75B97.webp)
خدیجہ شاہ کیس کا فیصلہ پاکستان اپنے قوانین کے مطابق کرے گا، پاک بھارت تہنیتی خطوط کا تبادلہ نہیں ہوا، ہندوستانی میڈیا ہمیشہ قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹنگ کرتا ہے، غزہ معاملے پرعالمی سطح پر آواز بلند کی گئی ہے، ترجمان دفترخارجہ کی پریس بریفنگ
اسلام آباد : پاکستان نے کہا ہے کہ سیاسی پناہ لینے والوں بار ے نئی پالیسی اندرونی معاملہ ہے، ہدایات قبول نہیں کریں گے،خدیجہ شاہ کیس کا فیصلہ پاکستان اپنے قوانین کے مطابق کرے گا، پاک بھارت تہنیتی خطوط کا تبادلہ نہیں ہوا، ہندوستانی میڈیا ہمیشہ قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹنگ کرتا ہے، غزہ معاملے پرعالمی سطح پر آواز بلند کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی سطح پر غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی کیخلاف آواز بلند کی ہے اور اسرائیل پر یو این، او آئی سی اور اتحادیوں کی باتوں پر توجہ نہ دینے پر تنقید کی۔
انہوں نے غزہ میں ان کنڈیشنل سیز فائر اور اسرائیلی فورسز کو فوری واپس بھیجنے کابھی مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین پر یو این کی انکوائری رپورٹ سامنے آئی ہے، رپورٹ میں نہتے فلسطینیوں کے قتل کے حوالے سے حیران کن انکشافات کئے گئے ہیں، اب وقت ہے کہ غزہ میں ہونیوالے مظالم کو روکا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ11جون 1991ء بھارت نے 32کشمیریوں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا، آج تک وہ کشمیری انصاف کے منتظر ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان تہنیتی خطوط کا تبادلہ نہیں ہوا،ہندوستانی میڈیا ہمیشہ سے قیاس آرائیوں پر مبنی رپورٹنگ کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی جانب سے نریندرمودی کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر ٹوئٹ کے ذریعے مبارک باد دی جا چکی ہے، حکومت کیلئے رسمی طور پر ضروری ہوتا ہے کہ وہ کسی بھی دوسرے ملک کے حکمران کو منتخب ہونے پر مبارک باد دے۔
ترجمان نے کہا کہ بیرونی ممالک میں سیاسی پناہ لینے والے افراد پر پاسپورٹ کی پابندی کے بارے میں ترجمان دفتر خارجہ کوئی ردعمل نہیں دے گا،باہر ممالک میں سیاسی پناہ لینے والے شہریوں نے خود پاکستانی شہریت ترک کی ہے، اس بارے پاکستان کی نئی پالیسی ہمارا اندرونی معاملہ ہے، پاکستان اس حوالے سے کسی ملک کی ہدایات قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکن خدیجہ شاہ کا کیس اس وقت عدالت میں زیر سماعت ہے، پاکستان اپنے قوانین کے مطابق اس کیس کا فیصلہ کرے گا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ توقع ہے آئندہ کچھ ماہ میں پاک چائنا تزویراتی معاون شراکت داری میں پیشرفت ہوگی، پاکستان اور چین کے درمیان چینی شہریوں کے تحفظ ، دو طرفہ تعلقات سمیت تمام امور مشترکہ اعلامئے میں موجود ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ نے پاکستان کو 15 اور 16 جون کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے تاہم مصروفیات کے باعث کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔