اسلام آباد(الفجرآن لائن)جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 20 ستمبر کو پٹرولیم لیوی کے خلاف اسلام آباد کی جانب مارچ ہوگا، حکومت فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کرے ورنہ ملک بھر مظاہرے ہوں گے۔
اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں۔
خواتین کا اسلام آباد میں احتجاج ہوا جبکہ سندھ، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بڑے شہروں سمیت چھوٹے شہروں میں بھی دھرنے جاری ہیں۔ عوام کا جوش و جذبہ بڑھتا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ20ستمبر کو اسلام آباد میں مارچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو نچوڑ رہے ہیں، پٹرولیم مصنوعات پر جگا ٹیکس لگا ہوا ہے اور مافیائی سسٹم کے تحت عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم میں آف شور کمپنیاں کام کر رہی ہیں جنہیں حکومت سپورٹ کر رہی ہے۔ حکومت کے پاس لوٹ مار کا کوئی جواز نہیں۔
انہوں نے چینی مافیا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بائی کو کمپنی نئے نام سے کام کر رہی ہے اور اپنی صلاحیت سے کم پر۔ ملک میں ایک ایلیٹ گروپ ہے جو عوام کو لوٹ رہا ہے۔
شوگر مافیا چینی ایکسپورٹ کر کے مصنوعی قلت پیدا کرتا ہے اور پھر خود ہی امپورٹ کرتا ہے۔ گندم کسان سے 2200 سے 2500 روپے من میں خریدی گئی اور پھر چار سے پانچ ہزار روپے من میں بیچی گئی۔
ان تمام چکر بازیوں میں ایک ہی مافیا شامل ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اگر آئی پی پیز کے معاہدے قوم کے سامنے آ جائیں تو ساری قوم تھوتھو کرنا شروع کر دے گی۔
پاکستانی قوم کے بجلی کے بلوں میں حالات کچھ بھی ہوں کیپیسٹی چارجز لگ کر آ رہے ہیں۔ اس فراڈ میں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سب شامل ہیں

