گلگت (الفجرآن لائن) سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیش(ایس سی او) نے گلگت بلتستان میں فائیو G سروس کا کامیاب تجرب کیا ہے۔
ایس سی او کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جی فائیو سروس کا کامیاب تجربہ گزشتہ روز کیا گیا جس کے بعد گلگت بلتستان میں تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
اعلامیے کے مطابق جی فائیو سروس کے آغاز سے گلگت بلتستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای کامرس، آن لائن تعلیم، ٹیلی میڈیسن، سیاحت اور ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ سمیت مختلف شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ایس سی او کے مطابق اس پیش رفت سے بالخصوص خطے کی نوجوان آبادی کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جہاں تیز رفتار انٹرنیٹ کی دستیابی ڈیجیٹل شعبے سے وابستہ سرگرمیوں کیلئے نئے امکانات پیدا کرے گی۔
گلگت بلتستان میں جی فائیو سروس کی آزمائش کو خطے میں ڈیجیٹل رابطوں کی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا ہے، اس سے جدید تیز رفتار انٹرنیٹ ٹیکنالوجی تک رسائی کے حوالے سے خطے میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
گلگت بلتستان میں جی فائیو سروس کی پیش رفت اس مطالبے کے بعد سامنے آئی ہے جو رواں سال ملک بھر میں جی فائیو سروس کے آغاز کے دوران زور پکڑ گیا تھا۔
ملک میں جی فائیو ٹیکنالوجی کے رول آؤٹ کے وقت گلگت بلتستان کو نئی ٹیکنالوجی میں شامل کئے جانے سے متعلق سوالات اٹھائے گئے تھے، اب ایس سی او کی جانب سے گلگت میں جی فائیو سروس کا کامیاب تجربہ خطے میں جدید موبائل انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی دستیابی کے حوالے سے اہم پیشرفت ہے۔
ایس سی او کے اعلامیے میں خاص طور پر خطے کے نوجوانوں کیلئے پیدا ہونے والے مواقع کو اجاگر کیا گیا ہے۔جی فائیو سروس کی دستیابی سے آن لائن تعلیم، ڈیجیٹل انٹرپرینیور شپ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کام کرنے والوں کو تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی میسر آسکے گی۔
اسی طرح ای کامرس، ٹیلی میڈیسن اور سیاحت کے شعبوں میں بھی جدید انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے

