کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مریضوں کے عالمی دن کے موقع پر صوبے کے عوام کو محفوظ، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر شہری کو علاج معالجے کی بہترین اور محفوظ ترین خدمات فراہم کرنا حکومت کی اولین آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے بھر میں صحت کے شعبے میں انقلابی اصلاحات اور طبی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کا بنیادی مقصد سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی حالت زار کو بہتر بنانا، طبی عملے کی استعدادِ کار میں اضافہ کرنا اور جدید ترین طبی نظام کو فروغ دینا ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے مریضوں کو بھی شہروں جیسا علاج میسر آسکے۔میر سرفراز بگٹی نے خاص طور پر جان لیوا اور دائمی بیماریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دل کے امراض، ذیابیطس (شوگر)، کینسر اور دیگر غیر متعدی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے محفوظ، سستی اور مسلسل طبی نگہداشت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ ایسے مریضوں کی دیکھ بھال کے نظام کو مزید فعال اور محفوظ بنایا جائے۔اپنے بیان کے آخر میں وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ مریضوں کا تحفظ اور ان کا ڈاکٹروں پر اعتماد ہی کسی بھی کامیاب نظامِ صحت کی بنیادی ترجیح ہوتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت بلوچستان اس حساس شعبے میں جاری اقدامات کو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مؤثر، شفاف اور عوامی امنگوں کے مطابق بنائے گی تاکہ صوبے میں صحت عامہ کا معیار زندگی بلند ہو سکے۔

