کوئٹہ (الفجرآن لائن) – چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبائی محکموں کا ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری اداروں کی دو سالہ کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ اطلاعات، کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (QDA)، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (GDA) اور محکمہ ماحولیات کے سیکرٹریز نے شرکت کی اور اپنے اپنے محکموں کی مالیاتی صورتحال، عوامی خدمات اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر بریفنگ دی۔چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ صوبائی دارالحکومت میں "اربن فاریسٹ” پروجیکٹ اور بزنس سنٹر منصوبے پر کام کا فوری آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کوئٹہ اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے آمدنی اور محصولات میں اضافے کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی، تاہم اس بات پر زور دیا کہ دونوں ادارے آمدنی کے مزید شفاف اور مستقل ذرائع فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ کو صوبائی ترقیاتی ایجنڈے کا لازمی جز قرار دیا گیا۔ محکمہ ماحولیات کی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے تمام صنعتی اور شہری منصوبوں میں ‘ماحولیاتی اثرات کے اندازے’ (EIA) پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی۔ دوسری جانب محکمہ اطلاعات کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے تمام منصوبوں کی بروقت تشہیر اور حکومتی امور میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیح شفافیت اور عوام کو خدمات کی بروقت فراہمی ہے

