اسلام آباد(الفجرآن لائن)پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر وفاقی حکومت نے کفایت شعاری مہم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری مہم کی مدت 3 ماہ مقرر کی گئی ہے۔دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کردیے جائیں گے۔ اسی طرح شادی ہالز اور دیگر کمرشل سرگرمیاں رات 10 تک ہوں گی جبکہ تمام ہوٹل، ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے بند کردیے جائیں گے۔
ٹیک آوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز مقررہ 11 بجے کی بندش سے مستثنیٰ ہوں گی جبکہ شادی سے متعلق تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فارمیسی، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال، تندور، بیکریاں، دودھ و ڈیری شاپس، پیٹول و سی این جی پمپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
آئی ٹی آلات کی خریداری کے علاوہ تمام پائیدار اشیا کی خریداری پر مکمل پابندی ہوگی۔ جم، کھیلوں کی سہولتیں، پیڈل کورٹس، آئی ٹی کمپنیاں، کال سینٹرز اوقاتِ کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
تین ماہ کے لیے بیرون ملک سرکاری دوروں اور سفر پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ناگزیر بیرون ملک دوروں کی صورت میں وزرا، مشیران، سرکاری افسران اکانومی کلاس میں سفر کریں گے۔
سرکاری اجلاس ترجیحاً ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سرکاری عشائیوں کی میزبانی پر پابندی ہوگی جبکہ غیرملکی وفود کے اعزاز میں پیش کیے جانے والے عشائیے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
حکومت کے خرچ پر سرکاری سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز پر بھی پابندی ہوگی۔ ناگزیر سرکاری تقریبات کیلئے سرکاری آڈیٹوریم اور کمیٹی رومز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 50 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کردی جائیں گی جبکہ سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
آرمڈ فورسز، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑیاں ایندھن کی کمی سے مستثنیٰ ہوں گی جبکہ ضروری سروسز اور ایف بی آر کی آپریشنل گاڑیاں ایندھن میں کمی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
مالی سال 27-2026 کے نان ای آر ای بجٹ میں 5 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام اقسام کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

