قومی شاہراہ پر دہشت گردی، اغوا اور بھتہ خوری کی مذموم کوشش ناکام؛ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا فورسز کو زبردست خراجِ تحسین
کوئٹہ (الفجرآن لائن):بلوچستان کے علاقے قلات کے قریب سکیورٹی فورسز نے ایک مؤثر اور کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ اس دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے قید کیے گئے 23 مغوی افراد کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی اس بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق، دہشت گردوں نے قومی شاہراہ پر ناکہ بندی کر کے عوام کی آمدورفت کو متاثر کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی تھی، جسے فورسز نے اپنے فوری ردعمل سے ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے بعد دہشت گردوں کے ٹھکانے سے چھ ٹرک، تین بسیں اور دو گاڑیاں بھی اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ دہشت گرد اس علاقے میں اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی مذموم سرگرمیوں میں ملوث تھے، لیکن فورسز کی مستعدی نے ان کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور قومی شاہراہوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والے دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ریاستی ادارے پوری طرح متحد اور پرعزم ہیں۔ صوبے میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گرد عناصر کے جڑ سے خاتمے تک یہ فورسز کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی

