ڈیرہ بگٹی (الفجرآن لائن): بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک بڑی اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ گزشتہ 20 برسوں سے پہاڑوں میں روپوش فراری کمانڈر نور خان بگٹی نے اپنے ساتھیوں اور خاندان کے افراد سمیت پاکستان ہاؤس سوئی میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے لگائی گئی کھلی کچہری کے دوران کمانڈر اور ان کے ساتھیوں نے باقاعدہ سرنڈر کیا۔
قومی دھارے میں واپس آنے والے فراری کمانڈر نور خان بگٹی اور ان کے ساتھیوں نے ریاستِ پاکستان سے وفاداری کا باقاعدہ حلف بھی اٹھایا۔ رپورٹس کے مطابق فراری کمانڈر اپنے خاندان سمیت مجموعی طور پر 60 افراد کے ہمراہ سوئی پہنچے، جہاں اب انہیں مستقل طور پر آباد کیا جائے گا۔ نور خان بگٹی ماضی میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں اور ان کی پہاڑوں سے واپسی کو صوبے میں عسکریت پسندی کے خاتمے کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہتھیار ڈالنے والے افراد کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ فراری کمانڈر نور خان بگٹی کی قومی دھارے میں واپسی سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور استحکام لانے میں بڑی مدد ملے گی۔

