کوئٹہ (الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی امن دوست پالیسیوں کے نتیجے میں صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈیرہ بگٹی میں فراری کمانڈر نور خان بگٹی نے اپنے ساتھیوں اور خاندان سمیت قومی دھارے میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔ معاون برائے داخلہ حکومتِ بلوچستان بابر یوسفزئی نے اس اہم پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے صوبے کے امن و استحکام کے لیے ایک نیک شگون قرار دیا ہے۔
بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے کو امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جو کہ انتہائی قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فراری عناصر کی قومی دھارے میں واپسی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امن، مفاہمت اور ترقی کا راستہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے اور اس سے علاقے میں اعتماد کی فضا مزید بہتر ہوگی۔
معاون برائے داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کا مستقبل بندوق یا تشدد میں نہیں، بلکہ امن، ترقی، تعلیم اور خوشحالی سے وابستہ ہے۔ ریاست سے وابستگی اور آئین و قانون کی پاسداری ہی بلوچستان میں پائیدار امن کی واحد ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح بلوچستان کے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کو ایک پُرامن اور محفوظ مستقبل فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں دیرپا امن کے لیے ریاستی رٹ قائم کرنا، قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا، مذاکرات اور عوامی اعتماد کا فروغ ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی پالیسیوں کا بنیادی مقصد صوبے کے عوام کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا اور انہیں ایک محفوظ اور خوشحال زندگی دینا ہے، اور نور خان بگٹی کی واپسی اس مقصد کی جانب ایک انتہائی مثبت پیغام ہے

