سوئی،(الفجرآن لائن) چیف آف بگٹی وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اتوار کو سوئی میں شاہ علی کاڑچو اور جمعہ کاڑچو کے درمیان جاری خونی قبائلی تنازعے کا صلح کے ذریعے خاتمہ کروا دیا جس کے بعد فریقین آپس میں شیر و شکر ہوگئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دونوں فریقین کے درمیان مصالحت کراتے ہوئے امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ پر زور دیا۔ اس موقع پر قبائلی تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا گیا کہ باہمی دشمنیوں اور خونریزی کا خاتمہ علاقے میں دیرپا امن کے قیام اور سماجی استحکام کے لیے ضروری ہے۔ چیف آف بگٹی میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ امن، بھائی چارہ اور قبائلی تنازعات کا پُرامن حل ایک مضبوط، پُرامن اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں۔ قبائل کے مابین پائے جانے والے تنازعات کو بات چیت اور مصالحت کے ذریعے حل کرنے سے نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہے بلکہ معاشرے میں باہمی اعتماد اور ہم آہنگی کو بھی فروغ ملتا ہے۔ اس موقع پر علاقے کے دیگر قبائلی عمائدین اور زعماء بھی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ موجود تھے

