اقبال کا پیغام خودی، خود اعتمادی، عمل اور انسانیت کی خدمت کا پیغام ہے، ریاست غریب اور محروم شہریوں کو ترقی کے یکساں مواقع اور باعزت زندگی فراہم کرے، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ اقبال کے موقع پر شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال کا کلام اور فکر محروم و کمزور طبقات کی حمایت، سماجی انصاف اور انسانی وقار کا درس دیتے ہیں۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے علامہ اقبال کے شعر ’’ہو میرا کام غریبوں کی حمایت کرنا‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعر اقبال کے فکری فلسفے اور سماجی ذمہ داری کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق علامہ اقبال نے محروم اور کمزور طبقات کی حمایت کو بامقصد زندگی کا اہم اصول قرار دیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست کی حقیقی ذمہ داری ہے کہ غریب، محروم اور کمزور شہریوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرے اور ان کے لیے باعزت زندگی کی ضمانت یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا تصورِ پاکستان ایک ایسے معاشرے کا خواب تھا جہاں عدل، مساوات، اخوت اور انسانی وقار کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔ یومِ اقبال ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ان کے افکار کو محض تقریبات اور رسمی خراجِ عقیدت تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی اور قومی پالیسیوں کا حصہ بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ علامہ اقبال کے پیغامِ خودی، بلند حوصلے اور مسلسل جدوجہد کو اپنا شعار بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام خود اعتمادی، عمل اور انسانیت کی خدمت کا پیغام ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ایک بہتر اور منصفانہ معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔

