اسلام آباد میں منعقدہ فائنل میں پاکستان نے کوریا کو 2-0 سے شکست دی، ہانگ کانگ چائنا نے خواتین کے مقابلے میں ملائیشیا کو 2-1 سے ہرایا؛ قومی ٹیم نے ایک دہائی بعد ایشیائی اعزاز دوبارہ اپنے نام کیا۔
اسلام آباد (الفجر آن لائن) پاکستان نے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 کے مینز ٹیم ایونٹ کا ٹائٹل جیت لیا، جبکہ خواتین کے مقابلے میں ہانگ کانگ چائنا نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے مینز فائنل میں پاکستان نے کوریا کو 2-0 سے شکست دی، جبکہ ویمنز ٹیم ایونٹ کے فائنل میں ہانگ کانگ چائنا نے ملائیشیا کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے ہرایا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیرِ اہتمام اور پاک فضائیہ کی سرپرستی میں منعقد ہونے والی یہ براعظمی چیمپئن شپ 3 سے 7 نومبر 2026 تک جاری رہی۔ پانچ روزہ ایونٹ میں ایشیا کی بہترین ٹیموں اور کھلاڑیوں نے شرکت کی اور شاندار کھیل، جسمانی استعداد اور جیت کے عزم کا مظاہرہ کیا۔
مینز ٹیم ایونٹ میں پاکستان کی کامیابی کو قومی اسکواش کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا گیا ہے۔ اس فتح کے ذریعے پاکستان نے ایک دہائی کے وقفے کے بعد ایشیائی ٹیم چیمپئن شپ کا اعزاز دوبارہ اپنے نام کیا۔
اختتامی تقریب میں ایشین اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر عادل جاسم الغریب نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کامیاب ٹیموں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ تقریب میں اسکواش کے سابق نامور کھلاڑیوں، پاکستان اسکواش فیڈریشن کے اعلیٰ عہدیداران، شریک ممالک کے نمائندوں، کھلاڑیوں، کوچز، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر ایئر مارشل کاظم حماد نے قومی ٹیم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک دہائی کے طویل وقفے کے بعد ایشیائی اسکواش کا اعزاز دوبارہ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو سربراہ پاک فضائیہ کی مسلسل سرپرستی اور بھرپور معاونت کا نتیجہ قرار دیا۔
ایئر مارشل کاظم حماد کے مطابق نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، انہیں اپنی کارکردگی دکھانے کے مواقع فراہم کرنے اور عالمی اسکواش میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام بحال کرنے کے لیے ادارہ جاتی معاونت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ادارہ اسکواش کے شاندار ماضی کی بحالی اور عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو دوبارہ اجاگر کرنے کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہا ہے۔ عالمی معیار کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی اور نئے کھلاڑیوں کی معاونت کے ذریعے ملک میں اسکواش کے فروغ کی کوششیں جاری ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ایشین چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد اور مینز ٹیم ایونٹ میں پاکستان کی فتح قومی اسکواش کی ترقی اور عالمی سطح پر اس کے مقام کی بحالی کے لیے جاری کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

