وفاقی وزیر نے ریلوے کے مسائل حل کرنے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی، اس دوران افسران اور عملے کی چھٹیاں بند ہوں گی، ایم ایل ون منصوبہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔
راولپنڈی (الفجر آن لائن): وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے رواں سال پاکستان ریلوے کی آمدن 160 ارب روپے تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے کے مسائل حل کرنے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے، اس عرصے کے دوران افسران اور عملے کی چھٹیاں بند ہوں گی اور تمام متعلقہ اہلکار فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر عوام ایکسپریس کی 11 نئی کوچز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ریلوے کے نظام میں بہتری کے لیے نجی شعبے کا تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کی آمدن 88 ارب روپے سے بڑھ کر 115 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ رواں سال اسے 160 ارب روپے تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام ایکسپریس کی نئی کوچز کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے اور نجی شعبے کے تعاون سے ٹرین کو بہتر انداز میں چلایا جائے گا۔ انہوں نے اے اے انٹرپرائزز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ٹرین کی سابقہ حالت کے مقابلے میں اب نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔ حنیف عباسی کے مطابق ریلوے ملازمین کی تنخواہوں کا نظام باقاعدہ بنایا گیا ہے، 60 ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ صفائی کے نظام کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور ریلوے ورکشاپ، جو 15 سال سے بند تھی، بحال کر دی گئی ہے اور انجنوں و پہیوں کی مرمت کے لیے 2008 سے غیر فعال پانچ ورکشاپس بھی دوبارہ کام شروع کر چکی ہیں۔ وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ 40 ٹرینوں میں سے 20 میں مکمل بریکوں کی سہولت موجود نہیں، تاہم اس سمیت ریلوے کے دیگر مسائل حل کرنے کے لیے 31 دسمبر تک بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے معاملات میں شفافیت کو ترجیح دی جا رہی ہے اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے ریلوے کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج دیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ بھی تعاون کا معاہدہ طے پا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے اسپتال نجی شعبے کے حوالے کیا جا رہا ہے، تاہم ملازمین کو علاج کی مفت سہولت بدستور فراہم کی جائے گی۔ مسافروں کو معیاری کھانا، فوڈ سیفٹی اور بہتر سفری ماحول فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حنیف عباسی نے مزید کہا کہ ریلوے قومی اثاثہ ہے اور اس کی حفاظت سب کی ذمہ داری ہے، اسٹیشنوں کے مختلف حصوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے جبکہ ریلوے کے پرزوں کی چوری روکنے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے این ایل سی کے تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ ریلوے کی بھرپور مدد کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر کے مطابق لاہور اور راولپنڈی ریلوے اسٹیشنوں کو وکٹورین طرز پر بحال کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے فنڈز فراہم کر دیے ہیں جبکہ روہڑی جنکشن کی بہتری پر بھی کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تھر کول منصوبے کا افتتاح وزیراعظم کرنے جا رہے ہیں جبکہ ایم ایل ون منصوبہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ان کا مقصد خود کو انقلابی کے بجائے ایک ورکر سمجھتے ہوئے عملی اقدامات کے ذریعے پاکستان ریلوے کو دوبارہ فعال اور مستحکم بنانا ہے۔

