سرکاری مشینری کی مؤثر کارکردگی اور اداروں کے درمیان مربوط تعاون سے ترقیاتی اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں، بند اسکولوں کی بحالی، ہزاروں اساتذہ کی بھرتی اور تعلیمی وظائف کی فراہمی اہم اقدامات ہیں، وزیراعلیٰ کا شمالی ڈیرہ بگٹی میں گفتگو کے دوران اظہارِ خیال۔
شمالی ڈیرہ بگٹی(الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت، وعدوں کی پاسداری، میرٹ کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سرکاری مشینری کی مؤثر کارکردگی اور مختلف اداروں کے درمیان مربوط تعاون کے ذریعے عوامی خدمت اور ترقیاتی اہداف کے حصول کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے شمالی ڈیرہ بگٹی میں ماڈل سیکنڈری اسکول میر غلام قادر بگٹی کے زیر تعمیر منصوبے کا معائنہ کیا اور علاقے میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر شہریوں اور سرکاری افسران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے جن کے مثبت نتائج عوام کو عملی طور پر نظر آئیں اور جن سے ان کی زندگیوں میں حقیقی بہتری آئے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں سرکاری افسران اور سول بیوروکریسی نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور سرکاری مشینری کی مؤثر فعالیت سے عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں مدد مل رہی ہے
وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 78 برس کے دوران ان اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ پاک فوج، فرنٹیئر کور، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں نے صوبے میں امن کے قیام، عوام کے تحفظ اور ریاستی عملداری برقرار رکھنے کے لیے اہم خدمات انجام دی ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کو غیر تدریسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی روایت ختم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ اسکولوں کی عمارتیں بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے مختص ہیں، اس لیے انہیں مہمان خانوں یا دیگر غیر متعلقہ سرگرمیوں کے بجائے تدریسی مقاصد کے لیے فعال رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بحالی، تدریسی عمل کا تسلسل اور بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم کے ساتھ صحت کے شعبے میں بھی متعدد اہم اقدامات کیے ہیں، جن سے لاکھوں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ ہیلتھ کارڈ کی سہولت، نئے اسپتالوں کے قیام اور علاج معالجے کی سہولیات میں بہتری کے ذریعے عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ شعبہ تعلیم میں حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جن کا اعتراف وفاقی حکومت اور عالمی فورمز پر بھی کیا گیا ہے۔ صوبے میں ہزاروں اساتذہ کی بھرتی کے ذریعے تدریسی عمل کو مستحکم بنایا گیا ہے، جبکہ طویل عرصے سے بند سیکڑوں سرکاری اسکولوں کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔
ان اقدامات سے تعلیمی اداروں کی فعالیت بحال ہوئی ہے اور بچوں کے لیے تعلیم کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ریکارڈ تعداد میں تعلیمی وظائف فراہم کیے ہیں تاکہ بلوچستان کے ذہین اور باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت مل سکے۔ ان وظائف کا مقصد طلبہ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے، اعلیٰ تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھانے اور مستقبل میں عملی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت، امن و امان اور عوامی فلاح کے دیگر شعبوں میں اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام منصوبوں میں میرٹ، شفافیت اور معیار کو بنیادی اہمیت دی جائے گی تاکہ سرکاری وسائل کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔

