بی آئی ایس پی بورڈ نے نئی پالیسی کی منظوری دے دی، ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد مستفید خاندانوں میں تقریباً 50 لاکھ پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں، ڈیجیٹل موبائل والٹس اور نئے انٹرآپریبلٹی پیمنٹ سسٹم کے ذریعے خواتین کسی بھی متعلقہ بینک کے مجاز ایجنٹ سے رقم وصول کرسکیں گی، چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد۔
لاہور (الفجرآن لائن) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے اعلان کیا ہے کہ 45 سال یا اس سے زائد عمر کی ایسی غیر شادی شدہ مستحق خواتین جن کی کبھی شادی نہیں ہوئی، انہیں بھی اب بی آئی ایس پی کے تحت مالی معاونت فراہم کی جا سکے گی۔ اس حوالے سے بی آئی ایس پی بورڈ نے منظوری دے دی ہے اور متعلقہ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والی خواتین پروگرام میں شامل ہونے کی اہل ہوں گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ یہ فیصلہ مستحق خواتین کو سماجی تحفظ کے دائرے میں لانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی آئی ایس پی کے ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد مستفید خاندانوں میں سے تقریباً 50 لاکھ خاندانوں کا تعلق پنجاب سے ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ پروگرام کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پاکستان کی غریب اور مستحق عوام کا قومی فلاحی پروگرام ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی رہنمائی میں مستحق خواتین کو آسان، شفاف اور محفوظ ادائیگیاں فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل موبائل والٹس اور نیا انٹرآپریبلٹی پیمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ون لنک (1LINK) کے ذریعے چھ پارٹنر مالیاتی اداروں کو اس نظام سے منسلک کیا گیا ہے، جن میں جاز کیش، ایزی پیسہ، حبیب بینک لمیٹڈ، حبیب مائیکروفنانس بینک، بینک آف پنجاب اور بینک الفلاح شامل ہیں۔
نئے نظام کے تحت مستحق خواتین کسی ایک مخصوص ادائیگی مرکز کی پابند نہیں ہوں گی بلکہ اپنی سہولت کے مطابق ملک بھر میں متعلقہ بینک کے مجاز ایجنٹ یا ریٹیلر سے رقم وصول کرسکیں گی۔ اس اقدام کا مقصد ادائیگیوں کے عمل کو آسان بنانا، خواتین کی مشکلات کم کرنا اور مالی لین دین میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ مستحق خواتین کو مفت سمز فراہم کی گئی ہیں اور ان کے نام پر ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس بھی فعال کیے جا چکے ہیں۔ رقم اکاؤنٹ میں منتقل ہونے اور نکلوائے جانے پر خواتین کو ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع موصول ہوگی۔
انہوں نے خواتین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے موبائل فون، سم اور بینک کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کو محفوظ رکھیں۔ کسی بھی غیر قانونی کٹوتی یا فراڈ کی صورت میں متعلقہ بینک یا قریبی بی آئی ایس پی دفتر میں فوری شکایت درج کروائیں۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے اس نظام کی تیاری میں رہنمائی اور تعاون پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، بالخصوص گورنر اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مستحق خواتین کو ملنے والی رقم ان کا حق ہے اور غیر قانونی کٹوتیوں یا بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ نئے نظام کے تحت کسی بھی ناجائز کٹوتی کی صورت میں متعلقہ بینک جوابدہ ہوں گے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے واضح کیا کہ بی آئی ایس پی میں رجسٹریشن، ڈائنامک رجسٹری کے تحت سروے اور تمام متعلقہ خدمات بالکل مفت ہیں۔ ڈائنامک رجسٹری کے ذریعے مستحق خاندانوں کے کوائف اپ ڈیٹ کیے جاتے ہیں تاکہ اہلیت کا درست تعین کیا جا سکے۔
انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ سروے کے دوران اپنے اور اپنے خاندان کے بارے میں درست معلومات فراہم کریں اور رجسٹریشن یا سروے کے نام پر کسی بھی شخص کو رقم ادا نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خواتین کو مالی معاونت کے حصول کے لیے کسی قسم کی غیر قانونی فیس یا کمیشن دینے کی ضرورت نہیں۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نئے نظام، رقم وصول کرنے کے طریقہ کار اور ضروری احتیاطی تدابیر کے بارے میں خواتین کو آگاہ کرے تاکہ مستحق خاندان آسانی اور اعتماد کے ساتھ اپنی مالی معاونت حاصل کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ادائیگیوں کے نئے نظام سے متعلق درست معلومات کی فراہمی ضروری ہے تاکہ خواتین دھوکہ دہی، غیر قانونی کٹوتیوں اور دیگر مسائل سے محفوظ رہ سکیں۔
پریس کانفرنس کے بعد سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور مشکلات سنیں اور متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری ازالے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے سول سوسائٹی کی نمائندہ خواتین اور ڈاکٹرز سے بھی ملاقات کی اور انہیں بی آئی ایس پی کے مختلف اقدامات، بالخصوص بینظیر نشوونما پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی۔
بعد ازاں چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے لاہور ڈویژن کے افسران اور عملے کے ساتھ اجلاس میں ان کے مسائل سنے اور ہدایت کی کہ مستحق خواتین کو خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے۔
انہوں نے عملے پر زور دیا کہ خواتین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں اور انہیں بروقت، مؤثر اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بی آئی ایس پی کے فلاحی اقدامات کے ثمرات حقیقی مستحقین تک پہنچ سکیں۔

