راکفیلر یونیورسٹی کی تحقیق میں ارجینین کی اہمیت سامنے آگئی، تجربات میں چوہوں کے اندر کینسر کی رسولیوں اور انفیکشن کی شدت میں کمی دیکھی گئی
امریکا (الفجر آن لائن) سائنس دانوں نے ایک اہم طبی تحقیق میں دریافت کیا ہے کہ انسانی جسم میں پائے جانے والا عام امائنو ایسڈ ارجینین مدافعتی نظام کو کینسر کے خلیات اور وائرل انفیکشن کی شناخت میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔
راکفیلر یونیورسٹی کے محققین کے مطابق جسم میں ارجینین کی کمی مدافعتی نظام کے ایک اہم عمل کو متاثر کرسکتی ہے، جس کے باعث جسم کے دفاعی خلیات غیر معمولی یا وائرس سے متاثرہ خلیات کی مؤثر شناخت نہیں کرپاتے۔
تحقیق کے دوران چوہوں کو مختلف مقدار میں ارجینین فراہم کیا گیا۔ نتائج میں دیکھا گیا کہ زیادہ ارجینین والی خوراک استعمال کرنے والے چوہوں میں بڑی آنت کے کینسر کی رسولیوں کی تعداد کم رہی، جبکہ انفلوئنزا اور کووڈ 19 جیسے وائرل انفیکشن کے تجرباتی اثرات بھی نسبتاً کم دیکھے گئے۔
سائنس دانوں کے مطابق یہ دریافت مستقبل میں کینسر اور متعدی بیماریوں کے علاج کے نئے طریقوں کی تحقیق میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ تاہم انسانوں میں اس کے طبی فوائد جانچنے کے لیے مزید کلینیکل تحقیقات ضروری ہیں۔

