ہزارہ ٹاؤن کے رہائشیوں کا پانی کی عدم فراہمی اور واسا حکام کے مبینہ نامناسب رویے کے خلاف احتجاجی دھرنا ختم، مغربی بائی پاس پر ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی۔
کوئٹہ(الفجرآن لائن) کوئٹہ میں ہزارہ ٹاؤن کے رہائشیوں کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی اور واسا (WASA) کے افسران کے مبینہ نامناسب رویے کے خلاف مغربی بائی پاس پر جاری احتجاجی دھرنا کامیاب مذاکرات کے بعد ختم ہوگیا، جس کے نتیجے میں اہم شاہراہ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہزارہ ٹاؤن کے مکینوں نے علاقے میں پانی کی مسلسل عدم فراہمی اور واسا حکام کے مبینہ نامناسب رویے کے خلاف مغربی بائی پاس پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے رکھا تھا۔ احتجاج کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، جبکہ مریضوں، مسافروں، خواتین، بچوں اور دیگر شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے مظاہرین سے مذاکرات کا آغاز کیا۔ تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی بات چیت کے دوران انہوں نے مظاہرین کے تحفظات سنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے یقین دہانی کرائی۔
طویل مذاکرات اور کامیاب بات چیت کے بعد مظاہرین نے احتجاجی دھرنا ختم کرنے پر اتفاق کیا، جس کے بعد مغربی بائی پاس کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا اور شاہراہ پر آمدورفت معمول کے مطابق بحال ہوگئی۔
اس موقع پر معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ شہریوں کے بنیادی مسائل کا حل اور عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ عوام کے جائز مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج کرنا ہر شہری کا جمہوری حق ہے، تاہم مذاکرات اور باہمی تعاون کے ذریعے مسائل کا حل نکالنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عام شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ بابر یوسفزئی کی مسلسل کوششوں اور پانچ گھنٹے طویل مذاکرات کے نتیجے میں مغربی بائی پاس پر جاری دھرنا ختم ہوگیا، جس سے ٹریفک کی روانی بحال اور شہریوں کی آمدورفت میں حائل رکاوٹ دور ہوگئی۔

