ڈیڑھ لاکھ سے زائد ڈگریوں کی آن لائن اٹیسٹیشن مکمل، طلبہ کی سہولت کے لیے پورٹل میں نئی اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ، وزارت خارجہ سے تصدیق کی سہولت بھی شامل کرنے کی تیاری۔
اسلام آباد(الفجرآن لائن) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے آن لائن ڈگری اٹیسٹیشن اور ویریفکیشن سسٹم کے ذریعے ڈگریوں کی تصدیق کے عمل میں شفافیت، تیزی اور کارکردگی میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے۔ آن لائن نظام کے تحت اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد ڈگریوں کی اٹیسٹیشن مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ موصول ہونے والے مجموعی کیسز میں سے تقریباً 98 فیصد نمٹائے جا چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایچ ای سی کی جانب سے ڈگری اٹیسٹیشن کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کے بعد درخواستوں کی پراسیسنگ زیادہ شفاف اور مؤثر ہوگئی ہے۔ آن لائن پورٹل کے ذریعے طلبہ کو درخواست جمع کرانے، اس کی پیش رفت جاننے اور ڈگری کی تصدیق کے مراحل کی نگرانی میں آسانی فراہم کی گئی ہے، جس سے انہیں ماضی میں پیش آنے والی مشکلات میں کمی آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر امجد کی جانب سے ڈگری اٹیسٹیشن کے شعبے کا چارج سنبھالنے کے بعد نظام کی بہتری اور کارکردگی بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں درخواستوں کی بروقت کارروائی اور تصدیق کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنانے کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔
ایچ ای سی آئندہ مرحلے میں اپنے آن لائن ڈگری اٹیسٹیشن پورٹل پر ایک نئی سہولت متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے تحت درخواست گزار طلبہ سے یہ بھی پوچھا جائے گا کہ آیا انہیں اپنی ڈگری کی وزارت خارجہ (MOFA) سے بھی اٹیسٹیشن کروانی ہے یا نہیں۔
مجوزہ سہولت کے تحت طلبہ درخواست جمع کراتے وقت ہی اپنی اضافی ضرورت کی نشاندہی کر سکیں گے، جس سے ایچ ای سی اور وزارت خارجہ سے ڈگریوں کی تصدیق کے مراحل کو زیادہ مربوط اور سہل بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
ایچ ای سی کا مقصد آن لائن نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے طلبہ کو تیز رفتار، شفاف اور مؤثر ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ڈگریوں کی تصدیق کا عمل کم وقت میں اور آسان طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔

