اسلام آباد(الفجرآن لائن)وفاقی حکومت نے سائبر حملوں کے خطرے کے پیش نظر نیشنل سرٹ ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق قومی کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی جانب سے ایس کیو ایل انجکشن اٹیک کی نشاندہی کئے جانے پر وفاقی حکومت نے نیشنل سرٹ ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس میں تمام اداروں کو فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ہیکرز ایس کیو ایل انجکشن کے ذریعے مختلف اداروں کے ڈیٹا بیس سے حساس معلومات تک پہنچنے کیلئے کوشاں ہیں، صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے فوری اقدامات کریں، تمام آرگنائزیشنز اور ادارے فوری متعلقہ انفارمیشن سیکورٹی افسر کو متحرک کریں اور اپنے ڈیٹا بیس کو محفوظ بنانے کیلئے فائر وال ایکٹو کریں۔ایڈوائزری کے مطابق حملے تنظیمی ڈیٹا کی سالمیت اور رازداری کیلئے شدید خطرہ ہیں۔ اعلامئے میں حکومتی اداروں کے علاوہ یونیورسٹیوں، تعلیمی اداروں، چھوٹی صنعتوں، ای کامرس، صحت اور نجی اداروں پر بھی سائبر حملوں کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور ڈیٹا بیس تک غیر مجاز رسائی کے علاوہ ڈیٹا میں ہیرا پھیری کرنے اور ممکنہ طور پر حساس معلومات کو خارج کرنے کے لیے ان کمزوریوں کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔