بلوچستان میں کسی بلوچ نے نہیں، دہشتگردوں نے پاکستانیوں کو قتل کیا، عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کررہے ہیں، گورننس ماڈل کو بہتر کریں گے، وزیر اعلی بلوچستان کا کابینہ اجلاس سے خطاب
کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والوں کو نشانہ عبرت بنائینگے کسی دہشت گرد کو رعایت نہیں ملے گی،بلوچستان میں کسی بلوچ نے نہیں، دہشتگردوں نے پاکستانیوں کو قتل کیا، عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کررہے ہیں، گورننس ماڈل کو بہتر کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں بے گناہ شہریوں کو بسوں سے اتار کر مارا گیا، کسی بلوچ نے کسی پنجابی یا پٹھان کو نہیں مارا، یہ دہشت گرد ہیں انہوں نے پاکستانیوں کو شہید کیا ہے، مٹھی بھر دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والوں کو نشانہ عبرت بنائیں گے کسی بھی دہشت گرد کو رعایت نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بے دردی سے لوگوں کو شہید کرتے ہیں، بلوچ ہمیشہ جنگوں میں رہا لیکن تب اقدار اور روایات کے مطابق چیزیں ہوتی تھیں، اب کی کارروائیاں بلوچیت کے نام پر ہیں مگر اس کا بلوچ سے کوئی تعلق نہیں، ان کی ہمت کا اندازہ لگائیں کے ایف سی کے انسٹالمنٹ میں یہ زیادہ کارروائی نہیں کر سکے لیکن یہ معصوم لوگوں کو بسوں سے اتار کر گھر والوں کے سامنے ان کی ٹارگٹ کلنگ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل بلوچستان اسمبلی نے دہشت گردی کی مذمت کی،ہم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کررہے ہیں، طالبات کو سکالر شپس پر آکسفورڈ بھجوایا جائے گا، یہ فیصلہ بلوچستان کے لوگوں نے کرنا ہے کہ خدمت کون کر رہا ہے، ہمیں گورننس کے ماڈل کو بہتر کرنا ہے، ہم نے اس سمت جانا ہے جس میں عام بلوچستان کے باسی کو فائدہ ہو، اس کیلئے ہم نے محنت کرنی ہے۔