پاکستان،بنگلہ دیش کے مضبوط تعلقات دونوں ممالک کی عوام کیلئے مفید ہیں، سلامتی کونسل فلسطینیوں کیخلاف اسرائیل کی پرتشدد کارروائیاں روکے، کشمیرکے حق خود ارادیت کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے،ترجمان دفتر خارجہ
وزیر خارجہ نے بیرون ممالک سیاسی پناہ لینے والوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کی پالیسی معطل کی تھی،ممتاززہرا بلوچ کی بریفنگ
اسلام آباد (الفجرآن لائن)پاکستان نے افغان عبوری حکومت سے دہشت گرد گروپوں کیخلاف پھر مؤثر کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مضبوط تعلقات دونوں ممالک کی عوام کیلئے مفید ہیں، سلامتی کونسل فلسطینیوں کیخلاف اسرائیل کی پرتشدد کارروائیاں روکے، کشمیرکے حق خود ارادیت کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے،وزارت خارجہ کی بیرون ممالک سیاسی پناہ لینے والے پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کی پالیسی ہے،وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معطل کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاززہرا بلوچ نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈاراس وقت لندن کے سرکاری دورے پر ہیں، انہوں نے وہاں کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں آج وہ برطانیہ کے ڈپٹی وزیر اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر موضوعات پر بھی گفتگو کی ہے، سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کشمیر پر او آئی سی گروپ کو بریف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ویسٹ بینک سٹی میں مہاجرین پناہ گزینوں کے کیمپس پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، اسرائیلی حملے اقوام متحدہ چارٹر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیلی پرتشدد کارروائیوں کو روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ 12 ستمبر کو ایس سی او ممبران بارے اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوگا، گزشتہ ہفتے سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد نے کیمرون میں وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، اجلاس میں اسلاموفوبیا فلسطین اور جموں کشمیر صورتحال پر بات چیت کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، اس حوالے سے تفصیلی اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سے بنگلہ دیش کیساتھ مثبت اور مضبوط تعلقات کی خواہش کی ہے، ہمیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے حکومتی تعاون سے ان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، پاکستان اور بنگلہ دیش کے مضبوط تعلقات دونوں ممالک کی عوام کیلئے مفید ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سیاسی پناہ لینے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ جاری کرنے بارے وزارت خارجہ کی پالیسی واضح ہے،وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیرون ممالک سیاسی پناہ لینے والے پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کی پالیسی معطل کی تھی اس بارے وزارت داخلہ سے رائے لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جونا گڑھ کیس تاریخی کیس ہے جو پاک بھارت الحاق بارے اہمیت کا حامل ہے۔ترجمان نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے کشمیر بارے بیان کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی حق خودارادیت کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین اسٹریٹیجک دوست ہیں، چین کیساتھ مختلف شعبوں سمیت زراعت میں بھی ہمارا تعاون جاری ہے جو مزید مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی کے بار بار شواہد فراہم کئے ہیں، افغان عبوری حکومت ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے اور یقینی بنائے کہ دہشت گرد گروپس مستقبل میں افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال نہ کریں