اسلام آباد (الفجرآن لائن) اسلام آباد کی پیکا ایکٹ خصوصی عدالت نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کا جرم ثابت ہونے پر خاتون کو سزائے موت سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی پیکا ایکٹ خصوصی عدالت میں جج افضل مجوکہ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی کی تشہیر بارے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر خاتون شگفتہ کرن کو تعزیرات پاکستان 295 سی کے تحت سزائے موت اور 3 لاکھ روپے جرمانے،سیکشن 11 کے تحت سات سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خاتون کو تامرگ پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مجرم خاتون 30 روز کے اندر سزا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کا حق رکھتی ہے۔عدالت نے کراچی سے تعلق رکھنے والے ملزم محمد ہاشم کو الزام ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی جبکہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو مجرمان کو جیل میں رکھنے کے وارنٹ جاری کر دیئے۔