
سیاح شوگراں،بالاکوٹ ودیگر سیاحتی مقامات کی سیر کر سکتے ہیں،کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی
کاغان(الفجر آن لائن) شدید برفباری کے باعث سیاحتی مقام ناران کو سیاحوں کیلئے بند کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ شدید برفباری کے باعث وادی کاغان کے سیاحتی مقام ناران اور اس سے آگے سڑک کو بند کردیا گیا،سیاح ناران کا سفر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ناران میں تمام ہوٹلز اور ریسٹورنٹ بند ہوگئے ہیں جبکہ بجلی کی ترسیل بھی معطل ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمی حالات کے پیش نظر ناران کا سیاحتی سیزن اختتام پذیر ہونے پر پولیس سٹیشن اور چیک پوسٹ بھی بندکردی گئی ہے۔دوسری جانب کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی حکام نے کہاہے کہ برفباری اور راستے بند ہونے کے باعث ناران و بالائی مقامات کو بند کیاگیا ہے، سیاح شوگراں،بالاکوٹ،گڑھی حبیب اللہ، بالاکوٹ، گھنول، کیوائی،ترنہ ودیگر سیاحتی مقامات کی سیر کر سکتے ہیں۔