اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے اعلامیے کے مطابق ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کے تعاون سے پاکستان نے چینی بانڈ مارکیٹ میں 1.75 ارب چینی یوآن مالیت کا پہلا پانڈا بانڈ جاری کر دیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کو عالمی سرمایہ مارکیٹ تک رسائی میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے اور یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان نے چینی آن شور بانڈ مارکیٹ میں کامیاب داخلہ حاصل کیا ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق پانڈا بانڈ سے حاصل رقم گرین اور پائیدار انفراسٹرکچر منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، جس سے پانی، توانائی اور صحت کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ممکن ہوگی۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سرمایہ کاروں نے اس بانڈ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور اسے مثبت پذیرائی ملی، جو پاکستان کی معاشی اصلاحات اور پالیسی سمت پر عالمی اعتماد کی علامت ہے۔اے ڈی بی کے مطابق اس پیش رفت سے گرین انفراسٹرکچر، انسانی ترقی اور ماحول دوست منصوبوں کو فروغ ملے گا جبکہ حکومتِ پاکستان کے پائیدار ترقیاتی وڑن کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔
