اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ڑالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال 3 سے 4 ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے اور پیشگی الرٹس کے عین مطابق ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ڑالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ جنوبی علاقوں میں کمزور تعمیرات اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی بتایا گیا ہے۔این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، احتیاطی تدابیر اپنانے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
