اسلام آباد. انڈونیشیا کے سفارت خانے کے قونصلر برائے ثقافتی و اطلاعات رحمت ہندیارتا نے نیشنل پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں قائم مقام صدر احتشام الحق، سیکرٹری راو فرقان، فنانس سیکرٹری عابد عباسی، ممبر گورننگ باڈی داود مدثر اور دیگر عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان میڈیا، ثقافت، تجارت اور عوامی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ صحافت اور ثقافتی روابط دو ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
قونصلر رحمت ہندیارتا نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے صحافیوں، ادیبوں اور ثقافتی شخصیات کے مابین روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کلچرل ایکسچینج پروگرامز، صحافیوں کے وفود کے تبادلوں اور سیاحت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈونیشیا اپنی خوبصورت ثقافت، تاریخی ورثے اور سیاحتی مقامات کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
قائم مقام صدر احتشام الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب صحافی برادری کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سفارتی و ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے بھی متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان میڈیا تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی تہذیب، ثقافت اور ترقی سے بہتر انداز میں آگاہ ہو سکیں۔
سیکرٹری ڈاکٹر راو فرقان نے کہا کہ صحافت عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے اور نیشنل پریس کلب عالمی سطح پر میڈیا روابط کے فروغ کے لیے مختلف سفارتی مشنز کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
فنانس سیکرٹری عابد عباسی نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات انتہائی مضبوط ہیں، جنہیں میڈیا اور عوامی روابط کے ذریعے مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب بین الاقوامی سطح پر صحافیوں کے روابط اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران انڈونیشیا کے سیاحتی مقامات، ثقافتی میلوں، تجارتی امکانات اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی۔ وفد کو نیشنل پریس کلب کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کرایا گیا جبکہ مہمانوں نے کلب کی سرگرمیوں اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ملاقات میں جوائینٹ سیکرٹریز عون شرازی ۔جاقید بھاگٹ ۔ ممبران گورننگ باڈی عامر بٹ ۔ تنویر شہزاد ۔عائشہ ناز ودیگر ممبران موجود تھے
