پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مفت اور معیاری علاج ملک کے ہر شہری کا بنیا دی حق ہے،ٹراما سینٹر بلوچستان کا پہلا پبلک اسپتال بنے گا جہاں 100 فیصد مفت اور معیاری علاج فراہم کیا جائے گا، صوبے میں پانچ سال کے دوران تمام ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے5سال بعد جب سرفرازبگٹی کا دور پورا ہوگا تو تب تک یہ تمام منصوبے ہم مکمل کرکے دیکھائے گے انشاء اللہ۔ کوئٹہ میں ٹراما سینٹر ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کا علاج نہ ہو سکے، مفت اور معیاری علاج ملک کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں قائم کیا گیا ٹراما سینٹر 150 بیڈز پر مشتمل جدید اسپتال ہے جہاں آئی سی یو اور ایچ ڈی یو سمیت جدید سہولیات موجود ہیں، جبکہ اسپتال میں پیپرلیس نظام متعارف کرایا گیا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کوئٹہ میں جدید ٹراما اسپتال بننے پر وہ بہت متاثر ہوئے ہیں اور اس اسپتال کی سروسز کا مقابلہ پورے پاکستان کے بڑے اسپتالوں سے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹراما سینٹر بلوچستان کا پہلا پبلک اسپتال بنے گا جہاں 100 فیصد مفت اور معیاری علاج فراہم کیا جائے گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ ایک ڈاکٹر سعودی عرب چھوڑ کر کوئٹہ ٹراما سینٹر میں خدمات انجام دے رہا ہے، جو اس منصوبے پر اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے دو سال میں کئی منصوبے شروع اور مکمل کیے، جبکہ انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ پانچ سال کے دوران تمام ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ آج 20 منصوبوں کے افتتاح کا پروگرام تھا لیکن وہ آج 11 منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں جبکہ باقی منصوبوں کا افتتاح عید کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا مجھے بار بار بلائیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ سندھ جیسے صحت کے منصوبے بلوچستان میں بھی شروع کیے جائیں تاکہ عوام کو گھر کی دہلیز تک مفت اور معیاری علاج کی سہولت فراہم ہو سکے۔
خطاب میں انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کا براہ راست تعلق عوام سے ہوتا ہے اور پیپلز پارٹی کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ معاشی مشکلات سب سے زیادہ پسماندہ علاقوں اور کمزور طبقات کو متاثر کرتی ہیں، اور اگر ان مسائل پر قابو نہ پایا گیا تو یہ معاشی بحران میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ صرف امیر افراد ہی علاج کرا سکیں، کیونکہ زندگی میں ہر شخص کو علاج کی ضرورت پیش آتی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام دوست اور غریب دوست سیاست پر یقین رکھتی ہے اور عام آدمی کی مدد کرنا ہی پارٹی کی سیاست کا محور ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور اگر درست منصوبہ بندی کی جائے تو یہاں کے عوام کی زندگیوں میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پولیو ویکسی نیشن مہم بے نظیر بھٹو نے اپنے دور حکومت میں شروع کی تھی، جبکہ تھرپارکر میں قحط کی صورتحال کے دوران بھی سخت چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم اب ہماری کارکردگی دیگر صوبوں سے بہتر ہے۔
