مظفرآباد(الفجر آن لائن) آزاد جموں و کشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی احتجاجی کال مؤثر ثابت نہ ہو سکی اور مختلف شہروں میں احتجاج کے لیے مختص مقامات عوامی شرکت سے خالی رہے۔
ذرائع کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے عزائم ناکام ہو گئے جبکہ عوام نے احتجاجی سرگرمیوں میں عدم شرکت کا مظاہرہ کیا۔
راولاکوٹ اور باغ سمیت مختلف مقامات پر کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاج کے لیے مخصوص کیے گئے مقامات پر عوام کی بڑی تعداد موجود نہ تھی اور احتجاجی سرگرمیاں خاطر خواہ توجہ حاصل نہ کر سکیں۔
مبصرین کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں نے احتجاج میں شرکت نہ کرکے ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا مظاہرہ کیا اور امن، استحکام اور قانون کی پاسداری کو ترجیح دی۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ خطے میں ترقی، خوشحالی اور امن کے فروغ کے لیے انتشار اور بے چینی کی سیاست کے بجائے مثبت اور تعمیری رویوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
