اسلام آباد (الفجرآن لائن) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایچ نائن میں واقع مشہور ہفتہ وار اتوار بازار میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ جس کے نتیجے میں کپڑوں، جوتوں اور قالینوں کے 335 سے زائد اسٹالز اور دکانیں مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئیں۔
ذرائع کے مطابق، ریسکیو حکام کی ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، جس کی شدت میں دکانوں میں موجود بیٹریاں پھٹنے اور تیز ہواؤں کے باعث مزید اضافہ ہوا۔ اس ہولناک آتشزدگی نے بازار کے نو مختلف سیکشنز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جس کی وجہ سے تاجروں کو کروڑوں روپے کے شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسلام آباد اور راولپنڈی سے ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور کئی گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا کر کولنگ کا عمل شروع کر دیا۔ جبکہ انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری اب بھی موقع پر موجود ہے تاکہ نقصانات کا حتمی تخمینہ لگایا جا سکے۔
