تہران/اسلام آباد: ایرانی پارلیمنٹ (مجلس شوریٰ اسلامی) کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے نام ایک اہم خط ارسال کیا ہے، جس میں انہیں ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی ہے۔ ایرانی اسپیکر نے اپنے خط میں سپریم لیڈر کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج و ملال کا اظہار کیا اور بتایا کہ تعزیتی تقریب کا انعقاد 3 جولائی 2026 کو تہران میں ہوگا۔ محمد باقر قالیباف نے پاکستان اور ایران کے درمیان قائم اسٹریٹجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین عزت، وقار اور باہمی تعاون کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، اراکینِ پارلیمنٹ اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی بھیجا۔ دوسری جانب، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اس اہم دعوت پر ایرانی ہم منصب کا دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
