جائیداد، بین الاقوامی کارڈ ٹرانزیکشنز، درآمدی گاڑیوں، آٹو پارٹس اور کسٹمز ڈیوٹی سے متعلق نئے قواعد نافذ العمل ہوں گے
اسلام آباد (الفجر آن لائن) وفاقی حکومت نے فنانس ایکٹ 2026 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بجٹ میں اعلان کردہ نئے ٹیکس اور مالیاتی اقدامات یکم جولائی 2026 سے ملک بھر میں نافذ العمل ہو جائیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جائیداد فروخت کرنے والوں پر 2.75 فیصد ایڈوانس ٹیکس جبکہ جائیداد خریدنے والوں پر 1.25 فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔حکومت نے 50 کروڑ روپے سے زائد سالانہ آمدن رکھنے والی کارپوریٹ کمپنیوں پر 8 فیصد سپر ٹیکس برقرار رکھا ہے، جبکہ یکم جولائی سے بین الاقوامی کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے کی جانے والی ٹرانزیکشنز پر 0.5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس بھی نافذ ہوگا۔
فنانس ایکٹ کے تحت 850 سی سی سے 1800 سی سی تک کی درآمدی گاڑیوں پر کسٹمز ڈیوٹی میں 35 سے 50 فیصد تک کمی کر دی گئی ہے، جبکہ آٹو پارٹس پر 10 فیصد اور موٹر سائیکلوں پر 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی کم کر دی گئی ہے۔
اسی طرح آٹو سیکٹر، خوردنی تیل، سونا، چاندی اور موبائل فونز پر عائد اضافی کسٹمز ڈیوٹی میں 2 فیصد کمی کی گئی ہے۔حکومتی تخمینے کے مطابق اضافی کسٹمز ڈیوٹی میں کمی سے قومی خزانے کو 47.06 ارب روپے جبکہ ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کے باعث 65.57 ارب روپے ریونیو میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فنانس ایکٹ 2026 کے تحت نافذ کیے جانے والے یہ اقدامات حکومت کی نئی مالیاتی اور ٹیکس پالیسی کا حصہ ہیں، جن کا اطلاق یکم جولائی سے ملک بھر میں شروع ہو جائے گا۔
