کوئٹہ (الفجرآن لائن)ابتدائی اطلاعات کے مطابق زیارت
کے علاقے کچھ مانگی فیز تھری میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 9 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق حملہ گزشتہ رات اس وقت ہوا جب دہشتگردوں نے پولیس پارٹی کو اچانک نشانہ بنایا۔ اس کے بعد دونوں طرف سے گولیوں کا تبادلہ ہوا جو صبح تک جاری رہا۔
شہید ہونے والوں میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین اور ایس ایچ او کواس صحبت خان بھی شامل ہیں۔ ایس پی زیارت قدوس دہوار نے بتایا کہ دونوں ایس ایچ اوز سمیت 9 اہلکار اس حملے میں شہید ہوئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی میتیں ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت پہنچا دی گئی ہیں۔ ڈی سی زیارت کے مطابق میتوں کو ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے جبکہ قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں اہلکاروں کی نفری بڑھا دی گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

