لاہور( الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کے حکم پر سموگ تدارک کریک ڈاؤن جاری ہے۔سی ٹی او لاہور نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ساتھ روٹ پرمٹ بھی معطل کیے جائیں گیں، انسانی صحت اور عوامی تحفظ کے لیے سخت اقدامات اٹھانا ہوں گے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق بغیر ترپال مٹی، ریٹ والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کا شہر لاہور میں داخلہ بند ہے، خلاف ورزی پر پرچہ دیے جا رہے ہیں، مالیاتی سال کے دوران دھواں چھوڑنے والی 01 لاکھ، 14ہزار378 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس دیے گئے۔سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق سموگ تدارک مہم کے دوران 01 ہزار 401 مقدمات درج کروائے گئے۔ بغیر ترپال ڈھانپے ریت، مٹی و دیگر آلودگی کا باعث بننے والی 53 ہزار 599 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ بغیر فٹنس اور خستہ حال 01 لاکھ 88 ہزار374 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔سی ٹی او لاہور کے مطابق مٹی، ریت اور دیگر مائنز سائیٹس پر خصوصی کریک ڈاؤن کیا گیا۔ بغیر ترپال، پانی و دیگر حفاظتی اقدامات کے بغیر ٹریکٹر ٹرالی چلنے کی اجازت نہیں، تمام ڈی ایس پیز شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی کارروائیاں کررہے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم کی مدد سے بھی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی چالاننگ کی جا رہی ہے، اسموکی وہیکلز کی درستگی کے لیے متعدد سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو مراسلے بھی لکھے گئے، آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی رہے گی۔

