گلگت (الفجرآن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما امجد حسین ایڈووکیٹ نے باضابطہ طور پر گلگت بلتستان کے چودھویں وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ چنار باغ گلگت میں منعقدہ ایک پروقار اور تاریخی تقریب میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے نو منتخب وزیراعلیٰ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وفاقی وزیر امیر مقام نے خصوصی طور پر شرکت کی، جبکہ نومنتخب ارکان اسمبلی اور سیاسی و عسکری حکام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
امجد حسین ایڈووکیٹ 7 جون 2026 کو ہونے والے حالیہ عام انتخابات کے بعد 22 جون کو قانون ساز اسمبلی کے ایوان میں بلامقابلہ قائد ایوان منتخب ہوئے تھے۔ حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نو منتخب وزیراعلیٰ نے خطے کی ترقی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں مقامی وسائل کا درست استعمال، بے روزگاری کا خاتمہ، سیاحت کا فروغ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنا شامل ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نومنتخب وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نئی حکومت عوامی امنگوں پر پورا اترے گی۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ن) کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے عمل میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ گورنر سید مہدی شاہ نے بھی نومنتخب وزیراعلیٰ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے خطے

