کراچی (الفجر آن لائن)شارجہ سے کراچی آنے والی نجی کمپنی کے ٹو ایئرویز کی بوئنگ 737 کارگو پرواز کراچی کے قریب لاپتہ ہوگئی، جس کی تلاش کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
متعلقہ ادارے لاپتہ طیارے کی تلاش کیلئے مشترکہ آپریشن میں مصروف ہیں، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور مرچنٹ ویسل شریک ہیں، ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے میں سرچ آپریشن بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کے ٹو ایئرویز طیارے کی تلاش کیلئے فضائی اور بحری کارروائیاں تیز کر دی گئیں، متعدد بحری اور فضائی وسائل سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاک بحریہ کے دو بحری جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار اور پی این ایس حنین متاثرہ علاقے میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن سر انجام دے رہے ہیں، پاک بحریہ کا ہوائی جہاز بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔
وسیع سمندری علاقے اور جون، جولائی میں بپھری لہروں کے باعث سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن ایک بڑا چیلنج ہے۔
ترجمان ایدھی فاؤ نڈیشن نے کہا کہ ایدھی فاؤ نڈیشن کا ائیر کرافٹ پائپر سنیکا APBFM بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے ٹیم کے ساتھ روانہ کردیا گیا، ایدھی کا ایئر کرافٹ پائپر سنیکا APBFM سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیلئے استعمال ہوتا ہے

