حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار، پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات اور لاشوں کو آبائی علاقوں میں منتقلی کا آغاز
.
کوئٹہ (الفجر آن لائن)بلوچستان کے ضلع واشک کے سرحدی علاقے ماشکیل میں نامعلوم مسلح افراد نے دکانوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہاں کام کرنے والے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد محنت کش تھے اور ان کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا، جو یہاں مزدوری کے سلسلے میں مقیم تھے۔
ملزمان نے ان دکانوں کو نشانہ بنایا جہاں یہ پنجابی مزدور کام کر رہے تھے، اور فائرنگ کرنے کے بعد حملہ آور باآسانی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔
جن کی شناخت محمد حسن ولد عنایت اللہ، عبدالقادر ولد قرار شاہ، محسن (رہائشی سیالکوٹ، پنجاب)، بلال اور ایک نامعلوم شخص کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، بلال اور نامعلوم مقتول پیشہ ور معمار تھے اور حملے کے وقت نائی کی دکان پر گاہک کے طور پر موجود تھے
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین کی لاشوں کو ضروری ہسپتال کارروائی اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے۔ پولیس انتظامیہ کی جانب سے اس بزدلانہ واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

