سبی، جعفر آباد اور جھل مگسی میں پارہ 52 ڈگری تک پہنچ گیا، آئندہ 4 سے 5 روز مزید شدید گرمی کی پیش گوئی
کوئٹہ(الفجر آن لائن +نیوز ایجنسیاں)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں، جہاں سورج آگ برسا رہا ہے اور دوپہر کے اوقات میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے حکومت بلوچستان اور پی ڈی ایم اے کو ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چار سے پانچ روز کے دوران درجہ حرارت میں مزید 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے۔
جس سے ہیٹ ویو کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جبکہ صوبے کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی نے کئی برسوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ سبی اور جعفر آباد میں پارہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ، جھل مگسی میں 52 ڈگری سینٹی گریڈ، لسبیلہ میں 50، تربت میں 48، دالبندین میں 46، نوکنڈی میں 42 اور تفتان میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شدید گرمی کے باعث بازار، شاہراہیں اور عوامی مقامات سنسان دکھائی دینے لگے ہیں، جبکہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور، ٹریفک پولیس اہلکار، تعمیراتی کارکن اور کھلے آسمان تلے کام کرنے والے افراد شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرم اور خشک ہواں کے باعث گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ محسوس ہوگی، جبکہ میدانی اضلاع میں ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

