ریاض/مسقط/کویت سٹی( الفجرآن لائن) خلیجی ممالک سعودی عرب، عمان اور کویت نے حالیہ ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں علاقائی سلامتی، خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران خلیج تعاون کونسل کے اہم ارکان نے ایران کے جارحانہ رویے کے خلاف ایک متحدہ محاذ قائم کر لیا ہے۔ تینوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ بیانات میں واضح کیا گیا ہے کہ بحری راستوں اور پڑوسی ممالک کی سرحدوں کو نشانہ بنانا اقوامِ متحدہ کے چارٹر، اسلامی تعاون تنظیم کے اصولوں اور عالمی ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی ہے جس سے عالمی تجارت اور امن داؤ پر لگ گیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں ایران پر زور دیا ہے کہ وہ تجارتی جہازوں پر حملے اور بحری راستوں کو نشانہ بنانا بند کرے کیونکہ یہ اقدامات خطے کے استحکام کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ دوسری جانب، سلطنت عمان نے اپنے علاقے پر ہونے والے حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے سخت احتجاج کیا ہے؛ یہ سفارتی احتجاج اس لحاظ سے انتہائی اہم ہے کہ حملوں کے وقت ایرانی وزیرِ خارجہ خود آبنائے ہرمز کی سکیورٹی پر مذاکرات کے لیے مسقط میں موجود تھے۔ ادھر کویت کی وزارتِ خارجہ نے بھی ایرانی اقدامات کو ملکی سالمیت پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرزِ عمل سے خلیجی شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ خلیجی قیادت نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے کی سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے

