قومی خزانے پر بڑھتا ہوا مالی بوجھ کم کرنے کے لیے بعض وفاقی وزارتوں میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانے پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے تاکہ اخراجات کو کم سے کم کیا جا سکے
اسلام آباد( الفجر آن لائن ) وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردو بدل اور نئی و نوجوان قیادت کو شامل کیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے اپنے قریبی رفقاء سے اہم مشاورت مکمل کر لی ہے، جس کے بعد کابینہ میں محنتی اور نتائج دینے والے نئے چہروں کو آگے لانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کابینہ میں نئے شامل ہونے والے ارکان کو وزیرِ مملکت کے عہدے دیئے جا سکتے ہیں، وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ صرف محنتی، متحرک اور کارکردگی دکھانے والے ارکان کو ہی اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں گی،
وزیراعظم کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرنے اور وزراء کی جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پُر عزم ہیں، کمزور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں کی خامیاں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ذرائع کی جانب سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بعض وفاقی وزارتوں کی اب تک کی کارکردگی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے،
جس میں خاص طور پر وزارتِ تجارت اور وزارتِ صنعت و پیداوار کی کارکردگی پر بڑے سوالات اٹھائے گئے ہیں، ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے پر وزیراعظم نے گہری تشویش کا اظہار کیا،
اس کے علاوہ چاول، آلو اور پھلوں کی برآمدات میں مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر بھی وزیراعظم کی جانب سے سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔مزید یہ بتایا جارہا ہے کہ کمزور کارکردگی کے حوالے سے وزارتِ آبی وسائل بھی وزیراعظم کے نشانے پر آ گئی ہے اور وہ اس محکمے کے نتائج سے بھی غیر مطمئن دکھائی دیتے ہیں، قومی خزانے پر بڑھتا ہوا مالی بوجھ کم کرنے کے لیے بعض وفاقی وزارتوں میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانے پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے تاکہ اخراجات کو کم سے کم کیا جا سکے

