(الفجر آن لائن )تہران پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا ہے۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے رپورٹ کیا ہے کہ پاسداران انقلاب کی بحریہ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو ’’آئندہ اطلاع تک‘‘ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) کے مطابق آئی آر جی سی نیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز میں غیر ملکی مداخلت اور جہاز رانی کے لیے مبینہ طور پر ’’غیر قانونی راستہ‘‘ مقرر کرنے کی کسی بھی کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔
پاسداران نیوی کے مطابق متعدد بحری جہازوں نے اپنے راستے کی درستی اور منظور شدہ بحری گزرگاہ اختیار کرنے سے متعلق انتباہات کو نظر انداز کیا۔
ایک جہاز نے مبینہ طور پر اپنے نیویگیشن سسٹمز بند کر دیے تھے اور بحری سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا تھا، راستہ تبدیل کرنے کا حکم نظر انداز کرنے پر اس پر انتباہی فائرنگ کی گئی۔
آئی آر جی سی نیوی نے کہا کہ جب تک علاقے میں امریکی مداخلت ختم نہیں ہوتی، کسی بھی بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بیان میں مزید خبردار کیا گیا کہ کسی بھی نئے حملے یا خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، جس میں خطے میں دشمن کے مبینہ نئے اڈوں کو نشانہ بنانا بھی شامل ہوگا۔

