راولپنڈی کی مقامی عدالت نے ماجد ستی کے قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم فرخ کھوکھر سمیت 3 ملزمان کو عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی
راولپنڈی (الفجر آن لائن)راولپنڈی کی مقامی عدالت نے ماجد ستی کے قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم فرخ کھوکھر سمیت 3 ملزمان کو عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی۔
فیصلہ سنائے جانے کے فورا بعد راولپنڈی کی معروف شخصیت تاجی کھوکھر کے بیٹے فرخ کھوکھر کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کرکے ہتھکڑیاں لگا دی گئیں اور کڑے سکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشاں اعجاز صافی نے ماجد ستی قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ سنایا۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر جن ملزمان کو سزائیں سنائیں میں مرکزی ملزم فرخ کھوکھر کو عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا، ملزم امیر حمزہ کو عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا۔
ملزم حیدر نواز کو عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزمان کو مزید قید کاٹنا ہوگی۔
عدالتی حکم کے بعد پولیس نے تمام مجرموں کو فوری حراست میں لے کر اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی ملزم فرخ کھوکھر نے عدالت کے اس فیصلے کو مسترد کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس مقدمے میں غلط اور ناحق سزا دی گئی ہے، میں حادثے کے وقت جائے وقوعہ پر سرے سے موجود ہی نہیں تھا، قانونی ٹیم اور وکلا اس عدالتی فیصلے کو اعلی عدالت میں چیلنج کریں گے۔
بتایا جارہا ہے کہ مقتول ماجد ستی کا تعلق پاکستان تحریکِ انصاف سے تھا۔
ان پر 23 اگست 2022 کو راولپنڈی کے علاقے صادق آباد میں بے دردی سے حملہ کرکے انہیں قتل کر دیا گیا تھا۔
جس کا مقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج تھا، قتل کی یہ واردات ایک پلاٹ پر ناجائز قبضے کو روکنے کی کوشش پر پیش آئی، جہاں ماجد ستی نے مبینہ طور پر ملزمان کی جانب سے زمین پر قبضے کی مخالفت کی تھی۔
اور اسی پاداش میں انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ سزا پانے والے فرخ کھوکھر راولپنڈی کے بااثر اور کثیر اثر و رسوخ رکھنے والے مرحوم تاجی کھوکھر کے بیٹے ہیں۔
فرخ کھوکھر ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ تھے، تاہم وہ پی پی پی سے مستعفی ہو کر جمعیت علمائے اسلام ف میں شامل ہو گئے تھے۔
فرخ کھوکھر کے والد مرحوم تاجی کھوکھر راولپنڈی کی سیاست کا ایک بڑا نام تھے، انہیں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا انتہائی قریبی اور دستِ راست سمجھا جاتا تھا۔

