ویڈیو وائرل ہونے پر متعلقہ افسر کیخلاف کارروائی، پیرنٹ ڈیپارٹمنٹ واپس بھیج دیا گیا
لاہور(الفجر آن لائن)پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا)نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری محکمانہ کارروائی کی ہے جس میں ادارے کی آفیشل ڈبل کیبن گاڑی یعنی سرکاری ڈالے کو ناران کاغان میں سیر و تفریح کے لیے استعمال ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے زیرِ گردش تھی جس میں پنجاب کی نو تشکیل شدہ فورس پیرا فورس کا ایک
سرکاری ڈبل کیبن ڈالہ ناران کاغان کی وادیوں میں موجود دیکھا گیا۔
ویڈیو بنانے والے شہریوں نے الزام عائد کیا تھا کہ مریم نواز کی قائم کردہ پیرا فورس کی یہ سرکاری گاڑی اور پٹرول مبینہ طور پر ایک سرکاری بابو کے اہل خانہ اور بچوں کو تفریحی مقامات کی سیر کروانے کے لیے بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آتے ہی پیرا انتظامیہ نے ایک باضابطہ وضاحتی اعلامیہ جاری کیا جس میں واضح کیا گیا کہ ادارہ سرکاری گاڑیوں کے ذاتی یا غیر مجاز استعمال کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔
ادارے کی تمام سرکاری گاڑیوں کی نگرانی جدید جی پی ایس اور لائیو فلیٹ ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے چوبیس گھنٹے کی جاتی ہے اور قواعد و ضوابط کی معمولی خلاف ورزی پر بھی فوری محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
ترجمان پیرا فورس نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے فوری بعد ادارے نے اپنے لائیو ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے متعلقہ گاڑی کی نقل و حرکت اور لوکیشن کا ڈیٹا چیک کیا۔
ٹریکنگ سسٹم سے ضابطہ شکنی کی تصدیق ہونے کے بعد پیرا نے فوری طور پر ایکشن لیا، متعلقہ گاڑی کو غیر مجاز طور پر نجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر فوری محکمانہ کارروائی شروع کی گئی۔
اس سنگین لاپرواہی اور ضابطہ شکنی پر ذمہ دار متعلقہ افسر کی خدمات واپس ان کے اصل محکمے کو سونپ دی گئی ہیں، اس کا باقاعدہ ‘ریپیٹری ایشن آرڈر’ بھی جاری کر دیا گیا

