اسلام آباد(الفجرآن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجکاری پروگرام کے تحت طے شدہ تمام اہداف اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے سے کام کریں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ اجلاس پیر کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ بالترتیب فیسکو کے لیے 7 اگست،گیپکو کے لیے 21 اگست اور آئیسکو کے لیے 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری پروگرام کے تحت طے شدہ تمام اہداف اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،نجکاری کے مختلف مراحل کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے سے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں وضع کیا جائے کہ بینک کا بنیادی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار برقرار رہے۔
یقینی بنایا جائے کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی پر زرعی ترقیاتی بینک کی توجہ برقرار رہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ کسانوں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے مالی وسائل تک رسائی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
زرعی ترقی پاکستان کی معاشی ترقی اور غذائی تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ اجلاس میں وزارتِ نجکاری کی جانب سے وزیراعظم کو نجکاری پروگرام، مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری کے لیے اب تک ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 27 سرکاری ادارے تین مختلف مراحل میں نجکاری کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے حوالے سے فنانشل کلوزنگ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی پہلی فنانشل کلوزنگ اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی 29 جون 2026 کو مکمل ہوئی۔وزیراعظم کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی نجکاری کے عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ تینوں کمپنیوں کے لیے اظہارِ دلچسپی مشتہر کیا جا چکا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ بالترتیب فیسکو کے لیے 7 اگست،گیپکو کے لیے 21 اگست اور آئیسکو کے لیے 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے **

