اسلام آباد(الفجرآن لائن) وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے سعودی عرب کا اہم سرکاری دورہ کریں گے، جس کے لیے جمعرات یا جمعہ کو روانگی متوقع ہے۔ اس دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال، علاقائی امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے
۔حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے خصوصی ملاقات بھی طے ہے، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے، دفاعی تعاون، اقتصادی روابط، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاک سعودی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کی رفتار اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
دونوں رہنما خطے میں امن، سلامتی، مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا، اعلیٰ سطحی روابط کو فروغ دینا اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو نئی جہت فراہم کرنا ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سفارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت بھی سامنے آئے گی

