کوئٹہ(الفجرآن لائن) گورنر بلوچستان نے آئین کے آرٹیکل 109 کے تحت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی اسمبلی کا اجلاس بدھ 5 اگست کو سہ پہر 3 بجے بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی اجلاس کے دوران نظم و ضبط اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام متعلقہ افراد کے داخلے کے لیے کارڈ کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام محکموں کے افسران و اہلکار، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندے، وزیٹرز اور دیگر متعلقہ افراد صرف مخصوص کارڈ کے ذریعے اسمبلی سیکرٹریٹ میں داخل ہو سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق اسمبلی اجلاس کے دوران کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری مسلح سکیورٹی گارڈ کو اسمبلی سیکرٹریٹ میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے داخلی راستوں پر خصوصی نگرانی کی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ اسمبلی اجلاس کے پرامن انعقاد، اراکین اسمبلی، عملے اور وزیٹرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں

