حب (الفجرآن لائن) ملک بھر کی طرح لسبیلہ ڈویژن (بلوچستان) میں بھی 5 اگست "یومِ استحصالِ کشمیر” کے موقع پر کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بھرپور سرگرمیاں جاری ہیں۔ کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء کی خصوصی ہدایت پر صنعتی شہر حب میں ایک عظیم الشان یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر مہیم جان اور سول سوسائٹی کے رہنما یعقوب ساسولی نے کی۔ اس موقع پر پورا صنعتی شہر "کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔ ریلی میں چیئرمین ضلع کونسل جاوید جمالی، سرکاری حکام، اسکولوں کے طلباء اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کر کے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ یومِ استحصالِ کشمیر منانے کا بنیادی مقصد بھارت، اسرائیل اور پوری دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ ہر بین الاقوامی فورم پر پوری طاقت کے ساتھ لڑتا رہے گا۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی زیرِ نگرانی لسبیلہ ڈویژن کے تعلیمی اداروں میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی آگاہی پروگرامز، سیمینارز، کوئز مقابلے، ٹیبلوز اور تقریری مقابلے بھی منعقد کروائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح لسبیلہ ڈویژن کے عوام بھی غاصبانہ بھارتی پالیسیوں کے خلاف اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

