کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع کی جیلوں اور دیگر حراستی مراکز کے باقاعدہ اور اچانک معائنے کر سکیں گے، اسپیشل سیکرٹری داخلہ عبدالسلام اچکزئی
کوئٹہ (الفجرآن لائن) حکومت بلوچستان نے بلوچستان پریزنز اینڈ پریزنرز کریکشنل سروس ایکٹ، 2026 کے تحت صوبے کے جیل نظام کو مزید مؤثر، شفاف، جوابدہ اور انسانی حقوق کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اہم اختیارات ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کو تفویض کر دیے ہیں۔اس سلسلے میں چیف انسپکٹر آف پریزنز و اسپیشل سیکرٹری داخلہ عبدالسلام خان اچکزئی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو انسپیکٹنگ اتھارٹیز مقرر کر دیا گیا ہے نوٹیفکیشن کے تحت کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع کی جیلوں اور دیگر حراستی مراکز کے باقاعدہ اور اچانک معائنے کر سکیں گے تاکہ قیدیوں کو فراہم کی جانے والی صحت، تعلیم، صفائی، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات کا جامع جائزہ لیا جا سکے۔
معائنے کے دوران نشاندہی کی جانے والی خامیوں کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ معائنہ رپورٹس سات ورکنگ دنوں کے اندر متعلقہ حکام کو پیش کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے یہ اقدام وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے جیل اصلاحات کے وژن کے مطابق جیلوں کو محض سزا کے مراکز کے بجائے اصلاح، بحالی اور انسانی وقار کے تقاضوں سے ہم آہنگ اداروں میں تبدیل کرنے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔ اس سے قیدیوں کی فلاح و بہبود، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ، جیل انتظامیہ میں شفافیت، احتساب اور مؤثر نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی حکومت بلوچستان کی جانب سے کیے گئے یہ انتظامی اقدامات صوبے میں جیل اصلاحات کے عمل کو مؤثر بنانے اور اصلاحی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

