شمالی ڈیرہ بگٹی (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شمالی ڈیرہ بگٹی کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے علاقے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ضلعی افسران نے وزیراعلیٰ کو جاری منصوبوں کی پیشرفت، معیار اور تکمیل کی مدت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے حکام کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور ان کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقص تعمیراتی کام کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ناقص کام کے ذمہ دار عناصر کے خلاف پہلے ہی سخت کارروائیاں کی جا چکی ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے حکومتی وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک ترقی کے ثمرات پہنچانا حکومت کا اولین مشن ہے۔ موجودہ دورِ حکومت میں بلوچستان کی تاریخ کے ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں، جہاں وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کی دہلیز تک ان کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے اضلاع اور ڈویژنز کے قیام کا مقصد بھی ترقیاتی وسائل کو عوام کے قریب لانا ہے، تاکہ بلوچستان کے عوام میں موجود احساسِ محرومی کے بیانیے کو عملی ترقیاتی اقدامات سے ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکے۔
سرفراز بگٹی نے صوبے میں تعلیم، صحت اور نوجوانوں کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یتیم اور نادار بچوں کو جدید تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم دینے کے لیے ایک منفرد تعلیمی ادارہ قائم کیا جا رہا ہے، جس میں صوبے کے مختلف اضلاع سے سیکڑوں مستحق بچے تعلیم حاصل کریں گے۔ اس کے علاوہ، شمالی ڈیرہ بگٹی میں اسپورٹس گراؤنڈ کے قیام سے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی اور بین الاضلاعی مقابلوں سے ان کی صلاحیتیں اجاگر ہوں گی۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ حکومت نے مختصر مدت میں ہزاروں نوجوانوں کو میرٹ پر سرکاری روزگار فراہم کیا ہے اور نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے

